نئی دہلی 14جنوری
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری و ترجمان محترم جناب محمد عبدالرحیم قریشی صاحب صدر آل انڈیامجلس تعمیر ملت حیدرآباد آج ہمارے درمیان نہیں رہے، ان کی جدائیگی کا غم کسی فرد واحد کیلئے یا مسلم پرسنل لا بورڈ ہی کیلئے نہیں ہے، بلکہ یہ پوری ملت اسلامیہ ہندیہ کیلئے ایک عظیم حادثہ اور بڑا خسارہ ہے۔مسلم پرسنل لا بورڈ کے مرکزی دفتردہلی میں جناب محمد عبدالرحیم قریشی صاحب کی وفات پر ایک تعزیتی نشست بورڈ کے کارگزار جنرل سکریٹری امیرشریعت مولانامحمد ولی رحمانی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔
صدارتی خطاب میں امیرشریعت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے فرمایا کہ جناب محمد عبدالرحیم قریشی صاحب کسی ایک انسان کانام نہیں تھا ان کا درد اور ان کی تڑپ پوری ملت کیلئے وقف تھی۔ قریشی صاحب اپنی جوانی کے دور میں سید خلیل اللہ حسینی صاحبؒ کی تحریک سے متاثر ہوئے اور ملی خدمات میں ایسے لگے کہ قریباً پچاس سالوں تک اس قوم کی خدمت اور بہتری کیلئے اپناایک ایک قطرہ خون سوکھا دیا اور اپنی جوان ہڈیوں کو گھلا دیا۔ آپ کی صلاحیتوں کو والد صاحبؒ (حضرت مولانا سید منت اللہ رحمانی صاحب بانی بورڈ) نے تاڑلیا اور وہ بورڈ کیلئے ایک مضبوط ستون ثابت ہوئے۔ ہمارے قریشی صاحبؒ سید خلیل اللہ حسینی صاحبؒ کے جذبۂ ایثار کی بھٹی میں تپے اور مولانا منت اللہ رحمانیؒ کی تربیت میں ایسے پروان چڑھے کہ وہ پوری قوم کے لئے گوہر نایاب ثابت ہوئے۔اور ملت کے لئے عظیم سرمایہ ثابت ہوئے۔آپ کی خدمات کی بڑی طویل فہرست ہے آپ کاجذبہ بڑا مبارک تھا، قانونی و عدالتی اور جمہوری
معاملات میں بورڈ کی کامیابیوں میں بنیادی رول آپ کاہواکرتاتھا۔بورڈکی خدمات کے ہر حرف کے ساتھ آپ کا نام جڑا ہے۔ اللہ رب العزت آپ کی مغفرت فرمائے، کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے، پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اس کمزور ملت کو ان کا بدل عطا فرمائے۔
جسمیں کارکنان دفتر بورڈ کی طرف سے مولانا محمد وقارالدین لطیفی صاحب نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ قریشی صاحب کی وفات کا حادثہ غیرمعمولی ہے، ملت کے عدالتی معاملات پر آپ کو بڑی مہارت حاصل تھی جو کم لوگوں کے اندر پائی جاتی ہے۔چھوٹوں سے شفقت کا معاملہ بڑوں کی تعظیم اور قوم کی خاطر جہد مسلسل اور بے لوثی کے ساتھ ساتھ تحریرو تقریر کے ذریعہ رضائے الٰہی کی فکر آپ کا ممتاز پہلو تھا۔ رکن مجلس عاملہ مولانا عتیق احمد بستوی صاحب نے فرمایا کہ ہمارے محترم قریشی صاحبؒ مسلم پرسنل لا بورڈ کے قانونی ماہرین کے نہ صرف قائد تھے بلکہ عدالتی معاملوں میں دن رات محنت کرتے، مطالعہ کرتے اور پھر جواب تیار کرتے، میں نے دارالقضا کے مقدمات کی تیاری اور پیروی کے موقع پر دیکھا اس کے علاوہ اور بھی بہت سے مواقع پر ان کے انداز کار اور محنت سے بہت متأثر ہوا۔ وہ ایک نیک دل انسان تھے۔رکن عاملہ بورڈجناب کمال فاروقی صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ ان کی کمی پوری ملت کو بڑی شدت سے محسوس ہوگی۔ ان کی بڑی خدمات ہیں اور یہ ملت کا بڑا خسارہ ہے، ہم سب مغموم ہیں وہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے دست و بازو کی حیثیت رکھتے تھے اللہ اس قوم پر رحم کرے اور ان کا بدل عطا فرمائے۔اس تعزیتی اجلاس میں قاضی محمد کامل قاسمی صاحب، مولانا محمد احتشام رحمانی صاحب،جناب خالد صابر قاسمی صاحب،مولانا ارشد عالم ندوی صاحب، مولانا ممتاز عالم صاحب اور شمشیر صاحب وغیرہ شریک ہوئے۔